ملتان 14 اکتوبر )اے پی پی):ضلع ملتان میں قومی انسدادِ پولیو مہم دوسرے روز بھی بھرپور انداز میں جاری رہی۔ محکمہ صحت کی ٹیموں نے گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے 3 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ہدف مکمل کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ میں مصروف عمل ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے خود بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے اور والدین سے ملاقات کر کے مہم کی اہمیت پر گفتگو کی۔
ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پولیو ویکسین کی کولڈ چین ہر صورت برقرار رکھی جائے تاکہ ویکسین مؤثر رہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہیں رہنا چاہیے، پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
وسیم حامد سندھو نے محکمہ صحت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ فیلڈ میں متحرک ٹیمیں بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کر رہی ہیں۔











