پاکستان اور ازبکستان میں صحت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

15

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال سے ازبکستان کے سفیر نے وزارتِ صحت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں صحت کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان برادرانہ اور گہرے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک طبی تعلیم، تحقیق اور ڈیجیٹل میڈیسن کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لیے پُرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان صحت کے تمام شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کی عوام کی صحت میں بہتری کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ وزارتِ صحت کی سطح پر ادارہ جاتی تعاون بڑھانے اور مشترکہ منصوبوں کے لیے مفاہمتی یادداشت یا معاہدے پر عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں میڈیکل یونیورسٹیوں کے درمیان تعلیمی و تحقیقی اشتراک کو فروغ دینے پر اتفاق ہوا جبکہ پاکستان میں تاشقند اسٹیٹ میڈیکل یونیورسٹی کی شاخ کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی۔

وفاقی وزیرِ صحت نے کہا کہ طبی ماہرین کے لیے قلیل مدتی تربیت اور انٹرن شپ پروگرامز کے ذریعے ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ کارڈیالوجی، آنکولوجی، اینڈوکرائنولوجی اور سرجری کے شعبوں میں تربیتی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ڈیجیٹل ہیلتھ، ٹیلی میڈیسن اور مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی تشخیص میں بھی اشتراک کو فروغ دیا جائے گا تاکہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔