اسلام آباد، 24 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے ترک وزیر ٹرانسپورٹ نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ترکی کے درمیان فیری سروس کے آغاز پر غور کیا گیا۔ ملاقات میں جہاز سازی، آپریشنز اور شپ بریکنگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
جنید انوار چوہدری نے ترک سرمایہ کاروں کو گوادر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کو جدید میری ٹائم حب میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ ترک وزیر نے پاکستان کے ساتھ میری ٹائم تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور بتایا کہ ترک سرمایہ کاروں کا ایک وفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری سروس کے آغاز سے پاک ترک تجارت اور سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کے پاس 25 ہزار ٹن ٹونا مچھلی کا کوٹہ موجود ہے، جبکہ آئندہ تین ماہ میں پاکستان میری ٹائم کانفرنس منعقد کرے گا۔











