پاکستان کی ادویات کی برآمدات 5 سال کے اندر 30 بلین ڈالر تک پہنچانے کا ہدف

13

اسلام آباد، 13 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال کی زیرِ صدارت ڈریپ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیڈرل سیکرٹری صحت، ایڈیشنل سیکرٹری اور ڈریپ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ادویات کی برآمدات کو آئندہ پانچ سال کے اندر 30 بلین امریکی ڈالر تک پہنچانے کے ہدف پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی ادویات کی ایکسپورٹ کو بڑھانے کا پختہ عزم کر رکھا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی ادویات کو دنیا کے بڑے تجارتی بلاکس میں رسائی دینے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ یہ منصوبہ محض ایک عددی ہدف نہیں بلکہ پاکستان کے معاشی استحکام کی علامت ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وزارتِ صحت اور ڈریپ کی ٹیم اس منصوبے کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے، اور منصوبے کی نگرانی کے لیے باقاعدہ فالو اپ میٹنگز منعقد کی جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کے دوا سازی کے شعبے کو ایکسپورٹ انڈسٹری میں تبدیل کر کے قومی معیشت کو مضبوط کیا جائے گا۔