وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی واشنگٹن ڈی سی میں سرکاری مصروفیات کا آغاز

17

واشنگٹن ڈی سی، 13 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب اپنی ٹیم کے ہمراہ واشنگٹن ڈی سی پہنچ گئے، جہاں وہ عالمی مالیاتی فنڈ (IMF) اور ورلڈ بینک (WB) کے سالانہ اجلاسوں میں شرکت کر رہے ہیں۔

وزیرِ خزانہ نے آج اپنی سرکاری ملاقاتوں کا آغاز   ریکارڈو پُلِتی، ریجنل وائس پریذیڈنٹ، انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (IFC) برائے مشرقِ وسطیٰ، وسطی ایشیا، ترکی، افغانستان اور پاکستان سے ملاقات کے ساتھ کیا۔ ملاقات کے دوران وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے مضبوط معاشی اشاریوں کو اجاگر کیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے پاکستان کے ساتھ آئی ایف سی کے شراکتی کردار کو سراہا اور نجی شعبے میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے آئی ایف سی کے اہم کردار پر اطمینان کا اظہار کیا، جس میں 10 سالہ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک (CPF) کے تحت کئی ارب ڈالر کی سرمایہ کاری شامل ہے۔ دونوں فریقوں نے آئی ایف سی کے اہم ریکو ڈک منصوبے کی جلد مالی تکمیل کے لیے اقدامات پر اتفاق کیا۔ وزیرِ خزانہ نے اسلام آباد میں آئی ایف سی کے نئے ریجنل دفتر کے قیام کا خیرمقدم بھی کیا۔

بعد ازاں، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) کے صدر ڈاکٹر محمد سلیمان الجاسر سے بھی ایک نتیجہ خیز ملاقات کی۔ وزیرِ خزانہ نے پاکستان کے لیے بینک کی طویل مدتی معاونت اور تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے بینک کے جاری منصوبوں کا جائزہ لیا اور ان کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا۔

سینیٹر اورنگزیب نے صدر آئی ایس ڈی بی کا M-6 موٹروے کے دو حصوں کی فنانسنگ کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں اور تیل کی فراہمی کے منصوبوں میں آئندہ تعاون کی امید ظاہر کی۔ دونوں فریقین نے پاکستان کے لیے نئے کنٹری انگیجمنٹ فریم ورک (CEF) کی تیاری پر اتفاق کیا۔