پولیو کے خاتمے اور حفاظتی ویکسینیشن پر اعلیٰ سطحی اجلاس

10

اسلام آباد، 8 اکتوبر (اے پی پی(:وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت پولیو کے خاتمے اور معمول کی حفاظتی ویکسینیشن سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صحت، ایڈیشنل سیکریٹری، ڈی جی ہیلتھ، ڈی جی (ایف ڈی آئی) اور این ای او سی کے نیشنل کوآرڈینیٹر نے شرکت کی۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او)، یونیسیف اور گاوی کے نمائندگان بھی اجلاس میں شریک ہوئے اور پاکستان میں جاری ویکسینیشن منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اجلاس کے دوران سالانہ پولیو بجٹ کی مجموعی لاگت، مالی و عملی پہلوؤں اور جاری مہم کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے اس موقع پر کہا کہ پولیو کا خاتمہ صرف حکومتی نہیں بلکہ قومی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر بچے تک ویکسین پہنچانے کے لیے عالمی شراکت داروں کے تعاون سے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے گی۔اجلاس میں ہر بچے کو پولیو سے محفوظ رکھنے کے اقدامات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بات چیت ہوئی جبکہ معمول کی حفاظتی ویکسینیشن کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

وفاقی وزیر صحت نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ پولیو مہم میں شفافیت اور مؤثر عمل درآمد کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے۔