وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کا سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل سے خطاب

20

اسلام آباد، 8 اکتوبر )اے پی پی):وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ ترقی کے عزم پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کر رہی ہے جو صنعتی تعاون، روزگار کے مواقع اور سرمایہ کاری کے نئے امکانات کو فروغ دے رہی ہے۔

ہارون اختر خان نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان صنعتی ترقی کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، جس میں نجی شعبے کو معیشت کا بنیادی محرک قرار دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی پالیسی، برقی گاڑیوں کی پالیسی اور محصولات کے ڈھانچے میں اصلاحات کے ساتھ کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے جامع اقدامات کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو مکمل سہولت فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے، خاص طور پر خصوصی اقتصادی زونز میں ایک ون ونڈو نظام متعارف کرایا جا رہا ہے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو آسان اور شفاف بنایا جا سکے۔معاونِ خصوصی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کاروبار دوست اور سرمایہ کاروں کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرے گا، جہاں غیر ملکی سرمایہ کاری اور منافع کی منتقلی بین الاقوامی معیار کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب توانائی، معدنیات، تعمیرات، زراعت، آئی ٹی اور خدمات کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع رکھتے ہیں اور مشترکہ منصوبوں کے ذریعے دونوں ممالک خطے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔