اسلام آباد،18اکتوبر (اے پی پی):اکیڈمی آف کنٹیمپرری چائنا اینڈ ورلڈ اسٹڈیز (اے سی سی ڈبلیو ایس ) کے ایک وفد نےقومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا جہاں وفد کو قومی خبر رساں ایجنسی کے کام کرنے کے طریقہ کار اور تربیتی و تبادلہ پروگرامز میں باہمی تعاون کے امکانات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔وفد میں چائنا انٹرنیشنل کمیونیکیشنز گروپ (سی آئی سی جی) کے ایڈیٹر اِن چیف گاؤ آنمنگ، نائب صدر لیو لی اور اے سی سی ڈبلیو ایس سے گُو جیا یو شامل تھے-
ڈائریکٹر نیوز اے پی پی شمائلہ عندلیب نے وفد کو اے پی پی کے وسیع ادارتی نیٹ ورک، جس میں اسلام آباد ہیڈکوارٹر، علاقائی دفاتر، اسٹیشنز، غیر ملکی نامہ نگار اور ملک بھر میں موجود جز وقتی رپورٹرز شامل ہیں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تعلقات جو اسٹریٹجک شراکت داری اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں کو اجاگر کرنے میں اے پی پی کے کردارخاص طور پر سی پیک اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) جیسے منصوبوں کے تناظر پر بھی روشنی ڈالی۔اس دورے کا مقصد دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا اور تربیت و معلومات کے تبادلے کے مواقع تلاش کرنا تھا۔
ڈائریکٹر اردو نیوز سروس عبد الحمید تبسم، ڈائریکٹر ڈپلومیٹک علی رضا علوی اور اے پی پی کے سینئر صحافیوں نے اے پی پی اور چینی میڈیا و تربیتی اداروں کے درمیان فعال رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہاکہ اس قسم کا تعاون عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور باہمی تفہیم کو فروغ دینے کے لیے نہایت ضروری ہے۔چائنا انٹرنیشنل کمیونیکیشنز گروپ (سی آئی سی جی) کے ایڈیٹر ان چیف گاؤ آنمنگ نے بتایا کہ سی آئی سی جی جو 1949 میں قائم ہواچین کی نمایاں ترین بین الاقوامی مواصلاتی تنظیموں میں سے ایک ہے۔ یہ ادارہ 21 ذیلی اداروں، دو بین الاقوامی قومی ایسوسی ایشنز اور 14 ممالک و خطوں میں 26 بیرونِ ملک شاخوں پر مشتمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی آئی سی جی دنیا کو چین کی ترقی سے آگاہ کرنے، بین الاقوامی تبادلوں کو فروغ دینے اور عوامی روابط کو مستحکم بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔اکیڈمی آف کنٹیمپریری چائنا اینڈ ورلڈ اسٹڈیز (اے سی سی ڈبلیو ایس) کے نائب صدر فان ڈاقی نے بھی اے پی پی کے ساتھ تحقیق، بین الاقوامی تبادلوں اور بین الثقافتی مواصلات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
چینی وفد نے اے پی پی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیاجن میں “چائنا نیوز ڈیسک” بھی شامل تھا۔ وفد کو بتایا گیا کہ یہ ڈیسک چینی زبان میں خبریں شائع کرتا ہے جن کا بنیادی مقصد چین اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کرنا ہے۔یہ دورہ انسٹی ٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز ( آئی پی ڈی ایس) نے منظم کیاجو کہ اسلام آباد میں قائم ایک تھنک ٹینک ہے جو تحقیق، وکالت اور قیادت کی تربیت کے ذریعے سفارت کاری، امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ آئی پی ڈی ایس کی صدر ڈاکٹر فرحت آصف اور ڈائریکٹر آصف نور نے وفد کے ہمراہ دورہ کیا۔











