لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو پر عملدرآمد جاری، تحصیل نشتر میں ترقیاتی کاموں کا جائزہ

13

لاہور، 18 دسمبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو پر عملدرآمد جاری ہے۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تحصیل نشتر کا دورہ کیا اور مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور، اسسٹنٹ کمشنر نشتر، نیسپاک، واسا اور ایل ڈبلیو ایم سی کے حکام بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور نے شمع کالونی اور رانا چوک میں سڑکوں، نکاسی آب، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نشتر نے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے شہری آبادی سے مویشیوں کے انخلا پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کے دوران حفاظتی تدابیر اور صفائی آپریشن کو مزید بہتر بنانے کے احکامات بھی جاری کیے۔ ڈی سی لاہور نے ہدایت کی کہ تعمیراتی سائٹس پر موجود ملبہ فوری طور پر کلیئر کیا جائے اور صفائی کے انتظامات کو مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے اندر مکمل کیے جائیں اور تعمیراتی کام کے دوران شہریوں کی سہولت کے لیے حفاظتی باڑ اور واضح اشاروں کا استعمال لازمی بنایا جائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کی بروقت تکمیل ہماری اولین ترجیح ہے اور ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولت اور شہری خوبصورتی کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیا جائے۔