کمشنر ملتان عامر کریم خاں کا وحدت کالونی کا دورہ، صفائی، اور سیکیورٹی پلان پر اہم احکامات جاری

13

ملتان،10دسمبر(اے پی پی ):  کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے وحدت کالونی کا تفصیلی دورہ  کیا اور شہری سہولیات کی بہتری کے لیے متعدد اہم اقدامات کا اعلان کیا۔

کمشنر نے کالونی میں مکمل صفائی کو یقینی بنانے اور ڈسٹ بنز کی فوری تنصیب کے احکامات جاری کیے۔انہوں نے پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (PHA) کو کالونی کی کھلی جگہوں میں سبزہ، میاواکی جنگل، بانس اور سجاوٹی کیاریاں لگانے کا ٹاسک دیا، ساتھ ہی تمام خالی مقامات کی خوبصورتی کے لیے جامع پلان تیار کرنے کی ہدایت جاری کی۔محکمہ بلڈنگ کو کالونی کی اندرونی سڑکوں کی مرمت اور کارپٹنگ کے تخمینے جلد از جلد تیار کرنے کی ہدایت کی گئی۔

 کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ کالونی کی سڑکوں کی طویل عرصے سے مرمت نہ ہونے کے باعث مسائل بڑھ رہے ہیں، جنہیں فوری طور پر حل کرنا ضروری ہے۔واسا کو بند نالیوں اور نکاسی آب کی رکاوٹیں ہنگامی بنیادوں پر دور کرنے اور مشینری کے ذریعے لائنوں کی مکمل صفائی کرنے کی ہدایت دی گئی۔

ڈی او اسپورٹس کو کھیلوں کے مقامات کی بہتری، نئی سہولیات اور تجاویز کا پلان پیش کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی۔اے سی سٹی کو رہائشیوں کے داخلے کے لیے سیکیورٹی پلان، بشمول کارڈ سسٹم، تیار کرنے کا حکم دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق کالونی کے 14 غیر ضروری راستے پہلے ہی بند کیے جا چکے ہیں، جس پر رہائشیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چوری اور وارداتوں میں نمایاں کمی کا اعتراف کیا۔کمشنر عامر کریم خاں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ آئندہ منگل کے دورے سے قبل تمام امور میں نمایاں پیش رفت یقینی بنائی جائے۔