کمشنر ملتان کی زیر صدارت جائزہ اجلاس؛ مین ہول کور چوری روکنے، الیکٹرک بس اور ترقیاتی منصوبوں پر اہم فیصلے

8

ملتان، 08 دسمبر )اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت ڈویژنل جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مین ہول کورز کی چوری، اضلاع کی خوبصورتی کے منصوبوں اور الیکٹرک بس منصوبے پر اہم فیصلے کیے گئے۔

کمشنر نے یونین کونسل سطح پر گٹروں کے ٹوٹے یا غائب ڈھکنوں کا ہنگامی سروے کرنے اور دو ہفتوں میں مکمل رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ سروے کی تصدیق کے لیے الگ ٹیمیں تعینات کی جائیں گی تاکہ ڈیٹا درست اور قابلِ اعتماد ہو۔

مین ہول کورز کی بار بار چوری کو سنگین جرم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کباڑیوں کی سخت نگرانی اور چوری شدہ سامان خریدنے یا فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیا۔ کمشنر نے بتایا کہ ملتان میں ری سائیکلڈ پلاسٹک کمپوزٹ مین ہول کورز جلد نافذ کیے جائیں گے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں کورز کی حفاظت کی ذمہ داری مقامی کمیونٹی کو سونپی جائے گی۔

اجلاس میں عوامی شمولیت کے لیے واٹس ایپ ہاٹ لائن کے قیام اور اسکول کے طلبہ کو رپورٹنگ کا فورم دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

کمشنر نے ون ڈِش کی خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی مزید سخت کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیمی منصوبوں میں تعمیراتی معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے محکمہ تعلیم کو ہدایت کی کہ اسکولوں میں ناپید سہولیات کی فراہمی کے لیے مختص بجٹ میں تمام کام مکمل کیے جائیں۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔