لاہور، 24جنوری (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ آرٹ کی حقیقی خدمت نیشنل کالج آف آرٹس جیسے ادارے ہی انجام دے رہے ہیں۔وہ ہفتہ کے روز نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) میں ڈگری شو کے اختتامی روز تقریب سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اس ادارے نے گزشتہ ڈیڑھ سو سال میں آرٹ اور تخلیقی تعلیم کی بے مثال خدمت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹ اور ڈیزائن کی تعلیم کو قومی ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دینا ناگزیر ہے، کیونکہ یہی شعبے کسی بھی ملک کی قومی شناخت اور مثبت عالمی تشخص کو اجاگر کرتے ہیں۔ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے فائن آرٹس، ڈیزائن اور آرکیٹیکچر کے شعبوں میں این سی اے کے طلبہ کی محنت، جدت اور تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوان فنکار پاکستان کا روشن اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈگری شو نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور ان کے مستقبل کو سنوارنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر اور تخلیقی صلاحیتوں کا فروغ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بن سکیں۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مرتضی جعفری نے فارغ التحصیل طلبہ اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ این سی اے ڈگری شو طلبہ کی برسوں کی محنت، تحقیق اور تخلیقی سفر کا عملی مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ این سی اے مستقبل میں بھی عالمی معیار کی تعلیم اور تخلیقی تربیت فراہم کرتا رہے گا۔ ترجمان کے مطابق این سی اے ڈگری شو 2025 میں مختلف شعبہ جات کے فائنل ایئر طلبہ کے تحقیقی و تخلیقی منصوبے نمائش کے لیے پیش کیے گئے، جنہیں ملک بھر سے آئے ہوئے فنکاروں، ماہرینِ تعلیم، انڈسٹری پروفیشنلز اور فن سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے بے حد سراہا۔











