اسلام آباد ٹریفک پولیس کا خواتین کے لیے اڑان ڈرائیونگ سکول کا افتتاح

30

اسلام آباد،16فروری(اے پی پی): اسلام آباد ٹریفک پولیس نے خواتین کے لیے ڈرائیونگ سکول “اڑان” کا افتتاح کر دیا جس کے پہلے بیچ میں 100 خواتین نے کار، موٹر بائیک اور سکوٹی کی ڈرائیونگ ٹریننگ میں رجسٹریشن کروائی جبکہ 15 دن کا ڈرائیونگ کورس کروایا جائے گا۔

آئی ٹی پی اڑان فی میل ڈرائیونگ اینڈ موٹررائیڈنگ سکول کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے کہا  کہ اڑان خواتین کو با اختیار بنانے کا پراجیکٹ ہے، اڑان تعبیر ہے اس حقیقت کی جس سے ہم لوگ انکھیں چراتے ہیں جس کی وجہ سے خواتین کو ذہنی طور پر مضبوط کریں گے۔ اسلام اباد میں اڑان کا سکول قائم ہونا پورے پاکستان کے تمام صوبوں کے لیے ایک پیغام ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر حمزہ ہمایوں نے کہا کہ کیپیٹل پولیس کی یہ کوشش ہے کی خواتین خود کو محفوظ سمجھیں، پولیس صرف انفورسر نہیں خواتین کی گارڈین بھی ہے۔خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے فیمیل موٹر سائیکل رائڈنگ اینڈ کار ڈرائیونگ سکول قائم کیا گیا ہے۔

تقریب میں رجسٹریشن کروانے والی ڈرائیورز کے لیے اورینٹیشن سیشن کا انعقاد کیا گیا اور بچوں کے لیے بھی مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ جبکہ شجرکاری کے لیے پودا بھی لگایا گیا اور ٹرینرز میں اڑان ٹریننگ کیپس بھی تقسیم کی گئیں۔