لاہور، 8 فروری (اے پی پی): محکمہ وائلڈ لائف پنجاب نے بسنت فیسٹیول کے موقع پر سفاری زو لاہور میں عوام کے لیے خصوصی اور رنگا رنگ تفریحی پروگرامز کا انعقاد کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کر کے خوشیوں بھرے لمحات میں بھرپور شرکت کی۔تقریب میں فاؤنٹین ڈانسنگ شو، میوزک کنسرٹ، پریڈ، مختلف گیمز، فوڈ فن وائلڈ بیٹس، پپٹ شو اور معروف گلوکارہ قرات العین بلوچ کی شاندار پرفارمنس نے سماں باندھ دیا اور پروگرام کو یادگار بنا دیا۔ بچے، بڑے اور بزرگ سب ہی تفریحی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوئے اور بسنت کی خوشیوں کو بھرپور انداز میں منایا۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر کہا کہ بسنت کے موقع پر عوام کو معیاری تفریحی مواقع فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیسٹیول نہ صرف تفریح فراہم کرتا ہے بلکہ ثقافتی رنگوں کو بھی اجاگر کرتا ہے اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سفاری زو میں خصوصی انتظامات کیے گئے تاکہ ہر شہری محفوظ اور خوشگوار ماحول میں تفریح حاصل کر سکے، جبکہ عوام کی تفریح اور تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور ہر سال مزید نئے پروگرامز متعارف کرائے جائیں گے۔شہریوں نے پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مواقع نہ صرف خوشی کا باعث بنتے ہیں بلکہ سماجی روابط کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔











