چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا ملائیشیا کا سرکاری دورہ ، رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات

16

راولپنڈی،8فروری  (اے پی پی):چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف(نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز (ملٹری)، تمغہ بسالت) نے ملائیشیا کا سرکاری دورہ کیا اور رائل ملائیشین نیوی کی قیادت سے ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق  انہیں رائل ملائیشین نیوی ہیڈکوارٹرز میں رائل ملائیشین نیوی کے چیف ایڈمرل ڈاکٹر ذوالہلمی بن اثنین نے خوش آمدید کہا اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پر دونوں اطراف میں گفتگو کا مرکز اسٹریٹجک نظریات کی ہم آہنگی، آپریشنل تعاون میں اضافہ، صلاحیتوں کی تعمیر اور بحری سلامتی کے چیلنجوں کے لیے مربوط جوابات تھے۔ ایڈمرل نوید اشرف نے ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پیٹرولز (RMSP) اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) میں علاقائی استحکام کے لئے پاکستان نیوی کی شراکت کو اجاگر کیا۔چیف آف نیول سٹاف نے ملائیشیا کے نیشنل ہائیڈروگرافک سینٹر کا بھی دورہ کیا، جہاں پاکستان کے نیشنل ہائیڈروگرافک آفس کے ساتھ تربیت، ڈیٹا کے تبادلے اور پیشہ ورانہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا گیا۔ اس دورے نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دیرینہ بحری شراکت داری کی توثیق کی اور مستقبل کے رجحانات پر مبنی بحری تعاون کے عزم کو دوبارہ اجاگر کیا۔