ملتان، 19 فروری (اے پی پی): مفکر اسلام، سابق وفاقی وزیر مذہبی امور، ممتاز عالم دین علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک محض بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ صبر، تقویٰ، برداشت اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ رمضان المبارک کو اپنی عملی زندگی میں مثبت تبدیلی کا ذریعہ بنائے اور دینِ اسلام کی حقیقی تعلیمات کو اپنائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمان خصوصی ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور پنجاب گروپ آف کالجز ملتان کے زیر اہتمام پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس، بوسن روڈ ملتان میں منعقدہ استقبالِ رمضان کانفرنس سے خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت پروفیسر اسامہ بشیر قریشی،ریجنل ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز ملتان ریجن نے کی جبکہ مہمانان گرامی میں ڈائریکٹر حج پنجاب ملک ریحان عباس کھوکھر، سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت داؤد جہانیاں ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم تھے۔ استقبالِ رمضان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک میں نیکی کا اجر ستر گناہ بڑھ جاتا ہے نفل کا ثواب فرض کے برابر اور فرائض کی ادائیگی کا ثواب ستر گناہ ملتا ہے اس بابرکت مہینے میں نوجوانوں کو قرآن پاک کی تلاوت کو اپنا معمول بنا لینا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقا اور ترقی کا راز اخلاقی اقدار، اتحاد و اتفاق اور دینی شعور میں مضمر ہے۔ رمضان المبارک ہمیں اخوت، ہمدردی اور خدمتِ خلق کا درس دیتا ہے، لہٰذا ہمیں معاشرے میں محبت، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔صدر تقریب پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کی فکری اور اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور تعلیمی اداروں میں دینی و اخلاقی شعور کو فروغ دیتے ہیں۔ مہمانانِ اعزاز ملک ریحان عباس کھوکھر ڈائریکٹر حج پنجاب اور مخدوم شعیب اکمل ہاشمی سجادہ نشین دربار عالیہ حضرت داؤد جہانیاں ملتان نے اپنے خطاب میں کہا کہ رمضان المبارک روحانی بیداری اور تزکیہ نفس کا ذریعہ ہے اس میں انسان برائیوں سے بچتا اور اللّٰہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرتا ہے روزہ صرف بھوک و پیاس کا نہیں بلکہ جسم کے ہر حصے کا ہوتا ہے کہ انسان نہ برا دیکھے، نہ جھوٹ بولے اور دیگر گناہوں سے بچے اور اس بابرکت مہینے سے استفادہ کرتے ہوئے اپنے رب کو راضی کرے۔اس موقع پر صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے معزز مہمانانِ گرامی، انتظامیہ پنجاب کالج اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تنظیم آئندہ بھی ایسے اصلاحی و فکری پروگرام منعقد کرتی رہے گی۔کانفرنس میں ماہرین تعلیم و سماجی رہنما پروفیسر ڈاکٹر ریاض حسین، فرخ الطاف خان، سید محمد علی رضوی، سلیم سعیدی، سید شہباز حیدر بخاری، پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے انچارج پروفیسر محمد ارشد، میڈم سعید فاطمہ، طلبہ و طالبات، اساتذہ کرام، علمائے کرام اور معززینِ شہر کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اختتام پر معزز مہمانوں کو ڈی ایس جی انرجی پاکستان کے اشتراک سے یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں اور ملکی سلامتی، استحکام اور امتِ مسلمہ کی فلاح کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔











