ساہیوال ،15 فروری ( اے پی پی) : وفاقی وزیر تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ، پیر سید عمران احمد شاہ نے ساہیوال میں گندے پانی کے تالاب کے خاتمے اور اس مقام پر جدید و خوبصورت پارک کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق ڈسپنسری روڈ، پیپلز کالونی اور غوثیہ کالونی کے مکینوں کو جلد ایک صاف، سرسبز اور معیاری تفریحی مقام میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، صحت مند اور خوشگوار ماحول کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارک کی تعمیر سے بچوں اور بزرگوں کو معیاری تفریحی سہولت دستیاب ہوگی اور علاقے میں ماحولیاتی بہتری کے ساتھ ساتھ عوامی صحت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
اس موقع پر علاقہ مکینوں نے منظوری پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور اس اقدام کو علاقے کی دیرینہ ضرورت قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر ملکی ترقی، خوشحالی اور ساہیوال کی بہتری کے لیے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔











