ملتان 15 فروری (اے پی پی ):وفاقی وزیر اور چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف اہم کرکٹ میچ قومی وقار کا مسئلہ ہے اور پوری پاکستانی قوم کی دعائیں اپنی قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہیں۔
اپنے بیان میں رانا قاسم نون نے کہا کہ یہ مقابلہ محض ایک کھیل نہیں بلکہ قومی غیرت اور وقار کا معاملہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح حالیہ عرصے میں بھارت کو سبکی اور خفت کا سامنا کرنا پڑا اور پاکستان نے کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے برادر ملک بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو فروغ دیا، وہ قابلِ تحسین اقدام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کھیل کے میدان میں پاکستان نے ہمیشہ مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ ہوتا ہے تو پوری دنیا کی نظریں اس مقابلے پر مرکوز ہو جاتی ہیں۔ 10 مئی کے بعد بھارت کی پوزیشن پہلے ہی کمزور دکھائی دے رہی ہے اور ایسے میں قومی ٹیم پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ بہترین کھیل پیش کرے۔
رانا قاسم نون نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر، انڈس واٹر معاہدہ اور دہشت گردی کے الزامات جیسے اہم تنازعات موجود ہیں، تاہم کھیل کے میدان میں پاکستان ہمیشہ باوقار اور باصلاحیت قوم کے طور پر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم گرین شرٹس کے ساتھ کھڑی ہے اور امید ہے کہ قومی ٹیم شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کے غرور اور تکبر کو شکست سے دوچار کرے گی۔











