لاہور۔16فروری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ مذہبی ہم آہنگی کو سرحدوں سے آگے بڑھانا ہوگا،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں بابائے قوم کے وژن مذہبی ہم آہنگی کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کویہاں کیتھیڈرل چرچ میں بین المذاہب ہم آہنگی،مذہبی رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کیلئے حکمت عملی کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطا ب کر تے ہو ئے کیا۔
کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کو سرحدوں سے آگے بڑھانا ہوگا،حکومت کا تمام مذاہب کے لوگوں کے ساتھ عہد ہے کہ جو بھی مٹھی بھر لوگ زیادتی یا نا انصافی کرتے ہیں،ان کو معاف نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں دہشت گردی کا افسوسناک واقعہ ہوا ہے،حکومت کسی سے نا انصافی نہیں کرے گی اور ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچا ئے گی۔
انہوں نے کہا کہ محمد شہباز شریف صرف مسلمانوں کے ہی نہیں بلکہ پوری پاکستانی قوم کے وزیراعظم ہیں،یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم ہائوس میں دیوالی اور کرسمس جیسے تہواروں کو منایا گیا۔کھیل داس کوہستانی نے کہا کہ بھارت نے بزدلانہ کارروائیاں کیں اور پہلگام واقعہ کا الزام پاکستان پر لگایا،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بھارت کو پہلگام واقعہ پر تیسرے فریق سے ثالثی کی پیشکش کی،بھارت نے پاکستان کو کمزور کر نے کیلئے پہلا حملہ مدارس پر کیا،جس میں معصوم خواتین و بچے شہید ہوئے،اس کے جواب میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی بنا پر فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے دشمن کو ایسا جواب دیا کہ آنے والی نسلوں تک یاد رکھے گا،پاکستان نے مودی کا تکبر جہازوں کو گرا کر توڑا،مگر کوئی ایسا حملہ نہیں کیا جس میں مذہبی مقامات نشانہ بنے ہوں،یہی وجہ ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹر مپ نے وزیر اعظم محمد شہبازشریف اور سپہ سالار محمد عاصم منیر کی تعریفیں کیں۔کھیل داس کوہستانی نے مزید کہا کہ دس مئی کے بعد یہ نیا پاکستان ہے جس میں مذہبی ہم آہنگی کی مثال قائم ہوئی اور شیوراتری کا تہوار پہلی بار پاکستان میں منایا گیا۔انہوں نے کہا کہ مودی کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ دہشت گردی آپ کی پیدا کردہ ہے،اسے اسلام سے نہ جوڑیں،دہشت گردی کا ذمہ دارآپ ہیں،آپ صوبہ کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔
بین المذاہب ہم آہنگی کانفرنس سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد،بشپ ندیم کامران،اسلامی نظریاتی کونسل کے چئیرمین ڈاکٹر راغب حسین نعیمی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی سمیت دیگر مقررین نے بھی خطا ب کیا۔











