پنجاب میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات و سہولیات عوام کے معیاری علاج کے حصول میں سنگِ میل ثابت ہونگی، وفاقی وزیر حنیف عباسی

11

اسلام آباد، 16فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے  ریلوےمحمد  حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پنجاب میں صحت کے شعبے میں جاری اصلاحات اور جدید سہولیات عوام کے لیے معیاری علاج کے حصول کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گی، صوبائی حکومت کی کاوشوں سے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام کو یکساں، بروقت اور شفاف طبی سہولیات میسر ہوں گی، بینظیر بھٹو  ہسپتال (بی بی ایچ )میں نئے سہولت مرکز  سے یومیہ ہزاروں شہری مستفید ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو بینظیر بھٹو ہسپتال راولپنڈی میں نئے سہولت مرکز کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ محمد حنیف عباسی نے کہا کہ اس جدید سہولت سےہزاروں افراد  روزانہ مستفید ہوں گے اور یہ ہسپتال کے نظام میں مریضوں کے لیے رہنمائی، رجسٹریشن اور دیگر انتظامی امور کو آسان بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں آٹومیٹڈ نظام متعارف کرایا جا رہا ہے جس کے تحت مریضوں کی رجسٹریشن، رپورٹس اور ایمرجنسی سروسز ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر منتقل کر دی جائیں گی تاکہ مریض بلا کسی غیر ضروری رکاوٹ یا سفارش کے بروقت علاج  کرا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف  نے راولپنڈی کے ہسپتالوں میں جدید سہولیات مہیا کیں ،ہولی فیملی اور ڈی ایچ کیو ہسپتال میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے  کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف علاج کے معیار کو بلند کریں گے بلکہ طبی تحقیق اور تربیت کے نئے مواقع بھی فراہم کریں گے۔

محمد حنیف عباسی نے صوبائی حکومت کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے  کہا کہ پنجاب میں ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن، نئے مراکز صحت کے قیام، وارڈز کی توسیع اور جدید طبی آلات کی فراہمی کے منصوبے مکمل ہو چکے ہیں یا زیرِ تعمیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چھ ماہ کے دوران صحت کے نظام میں مزید شفاف اور منظم اصلاحات مکمل کر کے مریضوں کے لیے بروقت علاج یقینی بنایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ تحقیق، تربیت اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ ساتھ انسانیت کی خدمت کے مشن کو بھی مسلسل جاری رکھا جائے گا اور حکومت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر عوام کو اعلیٰ معیار کی طبی سہولیات فراہم کرے گی۔