مظفر آباد،5فروری (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار کرنے، مظفر آباد میں دانش یونیورسٹی کیمپس و آسان خدمت مرکز قائم کرنے، مزید 1700 طلبہ کو رواں ماہ لیپ ٹاپ، ایجوکیشن انڈو نمنٹ فنڈ کے تحت تعلیمی وظائف دینے، سکولوں کی چھتوں کےلئے ایک ارب و ہریام پل کی تعمیر کےلئے 10ارب روپے فراہم کرنے سمیت آزاد کشمیر کی ترقی کےلئے متعدد اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھر کی طرح آزاد کشمیر کی ترقی بھی انہیں بے حد عزیز ہے، کشمیر میں کوئی بھی حکومت ہو وفاق کا تعاون جاری رہے گا، معرکۂ حق میں بھارت کا گھمنڈ خاک میں ملا دیا ، مسئلہ کشمیر دنیا بھر میں اجاگر ہوگیا، بھارت جس محاذ پر اور جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب ملے گا، اس کی پراکسیز کا بھی وہی حشر کریں گے جو اس کے جہازوں کا کیا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کویہاں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی سے خطاب کر تے ہوے کیا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ وہ آج کشمیری بہنوں بھائیوں سے اظہار یکجہتی اور شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلئے آئے ہیں، برہان وانی ، سید علی گیلانی ، آسیہ اندرابی ، یاسین ملک اور میر واعظ عمر فاروق سمیت تمام کشمیری رہنماؤں ،خواتین ، بچوں اور بزرگوں نے جدوجہد کی تاریخ رقم کی ہے، ان کی قربانیوں سے کشمیر کی دھرتی سرخ اور بھارت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے ، دنیا کو بتادیا کہ کشمیر نہ بھارت کا حصہ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کو قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان کی شہہ رگ قرار دیا تھا، یہی پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بنیاد ہے۔
اس موقع پر نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر راجا فیصل ممتاز راٹھور ، وفاقی وزرا ، آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے ارکان، سابق وزرائے اعظم اور حریت قائدین سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت بھی موجود تھی۔











