اسلام آباد،7 فروری ( اے پی پی): وزیرِ تجارت جام کمال خان کا میڈ اِن ازبکستان نمائش کا افتتاح
اسلام آباد،7 فروری ( اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے پاکستان–ازبکستان بزنس فورم کے موقع پر میڈ اِن ازبکستان نمائش کا افتتاح کر دیا،وفاقی وزیر نے ازبک وزیرِ تجارت کے ہمراہ نمائش کا ربن کاٹ کر باقاعدہ افتتاح کیا۔
وفاقی وزیرِ تجارت نے نمائش میں لگائے گئے مختلف اسٹالز کا دورہ کیا اور ازبک مصنوعات کے معیار اور برآمدی صلاحیت کو سراہا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میڈ اِن ازبکستان نمائش پاکستان اور ازبکستان کے درمیان تجارتی و صنعتی تعاون کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی ،ایسی نمائشیں بزنس ٹو بزنس روابط، مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرتی ہیں-جام کمال خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے اور بزنس کونسل سے دوطرفہ تجارت میں مزید اضافہ ہوگا-
اس موقع پر وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان نے علاقائی رابطہ کاری اور انفراسٹرکچر تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا جبکہ وفاقی وزیرِ قومی غذائی تحفظ رانا تنویر حسین نے زراعت اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبے میں تعاون کے وسیع امکانات اجاگر کیے۔
معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے صنعتی شراکت داری اور سرمایہ کاری کے مواقع کو اہم قرار دیا۔
میڈ اِن ازبکستان نمائش ازبک صنعت، دستکاری اور اختراعی مصنوعات کو پاکستانی مارکیٹ سے متعارف کرانے کا مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا گیا-











