وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

9

اسلام آباد، 19 فروری (اے پی پی): وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے پاکستان کارپٹ مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں ہاتھ سے بنے قالینوں کی برآمدات کے فروغ اور سہولت کاری اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں قالین سازی کے شعبے کی استعداد بڑھانے،پیداواری عمل کو مزید مؤثر بنانے اور برآمدی مواقع میں اضافے سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔

اس موقع پر وفاقی وزیرِ تجارت نے کہا کہ ویلیو ایڈڈ برآمدات،خصوصاً ہینڈ ناٹڈ قالین،وزارتِ تجارت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قالین سازی کا شعبہ روزگار کی فراہمی، خواتین کو بااختیار بنانے اور روایتی ہنرمندی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

جام کمال خان نے برآمدکنندگان،بالخصوص ایس ایم ایز، کو سہولت فراہم کرنے، سیکٹرل کونسلز کے تحت باقاعدہ سیکریٹریٹس کے قیام اور طویل المدتی منصوبہ بندی کو آگے بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حکومت ویلیو ایڈڈ مینوفیکچرنگ، برآمدات میں تنوع اور مسابقتی و پائیدار معیشت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔