نیویارک ,19فروری (اے پی پی):نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے نیویارک میں فلسطین سے متعلق اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی اعلیٰ سطح بریفنگ کے موقع پر فلسطین کے مستقل مندوب وزیر ریاض منصور سے ملاقات کی۔ وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ نے مقبوضہ مغربی کنارے پر کنٹرول بڑھانے کیلئے اسرائیل کے حالیہ اقدامات اور غزہ میں جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے پاکستانی قوم کے جذبات کی عکاسی کرتے ہوئے فلسطینی عوام، بشمول ان کے حقِ خودارادیت کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ریاستِ فلسطین کے ساتھ قریبی رابطہ استوار رکھتے ہوئے تمام سفارتی کوششوں کی حمایت کے لیے پاکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا جن میں صدر ٹرمپ کا امن منصوبہ،بورڈ آف پیس، مسئلہ فلسطین کے پرامن حل سے متعلق اعلیٰ سطحی کانفرنس اور دو ریاستی حل کیلئے عالمی اتحاد شامل ہیں۔ وزیر ریاض منصور نے فلسطینی کاز کیلئے خصوصاً اقوامِ متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پاکستان کی مستقل اور اصولی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور فلسطینی عوام کی وکالت میں اس کے قائدانہ کردار کو سراہا۔











