وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی کا تخلیقی صنعتوں کے ذریعے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور ثقافتی فروغ کے لیے حکومتی حمایت کے عزم کا اعادہ

57

اسلام آباد،15فروری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی نے  نوجوان ٹیلنٹ کی سرپرستی اور پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔

اتوار کواسلوانٹرنیشنل فیشن ٹورازم فیسٹیول 2026 کے  لوگو  کی  تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نےکہا کہ حکومت تخلیقی شعبے کی معاونت کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہی ہے جبکہ ملک کی متنوع ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے اور دنیا کے سامنے پیش کرنے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تقریب سلک روڈ کلچر سینٹر سر سید ہال میں منعقد ہوئی جہاں سفیروں، معزز مہمانوں، نوجوان شرکاء اور میڈیا نمائندگان کی موجودگی میں فیسٹیول کا سرکاری لوگو جاری کیا گیا۔ آذربائیجان کے سفیر نے بھی خصوصی مہمان کے طور پر شرکت کی۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے اس اقدام کو پاکستان کی سیاحت اور ثقافتی صنعتوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے نئے سبز لوگو کی تخلیقی سوچ کو سراہتے ہوئے اسے ترقی، توانائی اور جدت کی علامت قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مرکزی فیسٹیول پاکستان کی وسیع سیاحتی صلاحیتوں کا مظہر ہوگا اور ملک میں فیشن ٹورازم کے فروغ میں رائل روورز کے کردار کو بھی سراہا۔انہوں نے فیشن انڈسٹری سے وابستہ افراد پر زور دیا کہ تمام صوبوں کے روایتی ملبوسات کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی مقابلوں کا انعقاد کریں، خصوصاً گلگت بلتستان اور کشمیر پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی روایتی ملبوسات  کو عالمی سطح پر متعارف  کرانا   نہایت اہم ہے کیونکہ فیشن پاکستان کے بھرپور ثقافتی ورثے کو دنیا کے سامنے پیش کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، خاص طور پر جب روایتی مصنوعات  کو جدید رجحانات کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔وفاقی وزیر نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنے اور ابھرتے ہوئے ڈیزائنرز و فنکاروں کو اپنی صلاحیتیں جدید اور تخلیقی انداز میں پیش کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر رائل روورز کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ نئے ڈیزائنرز اور فنکاروں کو متعارف کرانا ایک چیلنجنگ مگر قابلِ تحسین ذمہ داری ہے۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ انتظامیہ آذربائیجان میں ’’ایم ڈاٹ‘‘ کے نام سے بین الاقوامی سطح  پر رجسٹرڈ ہے جو اس کے عالمی دائرہ کار میں وسعت کی عکاسی کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کی مختلف تخلیقی شعبوں میں سرپرستی کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ وزارت نوجوان فنکاروں، مصوروں اور ہنرمندوں کو نمائشوں کے لیے مفت سہولیات فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد ان رکاوٹوں کو دور کرنا ہے جو باصلاحیت نوجوانوں کو اپنے فن کے اظہار  اور وسیع تر سطح تک رسائی میں درپیش ہوتی ہیں۔

منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئےانہوں نے سفیروں پر زور دیا کہ وہ اپنے ممالک کے نوجوانوں کی فیسٹیول میں شرکت کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف عالمی سطح پر فیشن ٹورازم کے فروغ کا باعث بنیں گے بلکہ مختلف ممالک کے نوجوانوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی اور تعاون کو بھی فروغ دیں گے۔