کولمبو، 15 فروری ( اے پی پی(: سری لنکا کرکٹ کی جانب سے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کے اعزاز میں کولمبو میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر سری لنکا کرکٹ کے صدرشامی سلوا اور دیگر اعلیٰ عہدیداران نے محسن نقوی سے ملاقات کی۔ دونوں کرکٹ بورڈز نے کرکٹ کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرکٹ صرف جنٹلمین کھیل ہی نہیں بلکہ ممالک کے درمیان محبت اور قربتیں بڑھانے کا موثر ذریعہ بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ کولمبو آکر انہیں بے حد خوشی ہوئی اور شاندار مہمان نوازی پر سری لنکا کرکٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔











