اسلام آباد، 19فروری(اے پی پی):وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے نوری ہسپتال کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کینسر کے مریضوں سے ملاقات کی اور ہسپتال میں فراہم کی جانے والی سماجی تحفظ سہولیات کا جائزہ لیا۔
دورے کے موقع پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی کہ نوری ہسپتال، پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیرِ انتظام ملک کے نمایاں کینسر علاج مراکز میں شامل ہے اور یہاں مریضوں کو جدید طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر نے ادارے اور اس سے منسلک ہسپتالوں کی خدمات کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق کمزور طبقات کو صحت اور سماجی تحفظ کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سماجی تحفظ پروگراموں اور پاکستان بیت المال کے دائرہ کار کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ مستحق مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت میسر آ سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ علاج کے لیے آنے والے مستحق مریضوں کو پاکستان بیت المال کے تعاون سے دستیاب سہولیات سے بھرپور استفادہ دلایا جائے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بیماری کے علاج کے ساتھ ساتھ احتیاطی تدابیر اور بروقت تشخیص پر توجہ دینا ناگزیر ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک بھر میں قائم کینسر علاج مراکز سماجی تحفظ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ عالمی سطح پر بھی ادارے کی خدمات کو سراہا گیا ہے، جس میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کی جانب سے اعتراف بھی شامل ہے۔
دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے پاکستان بیت المال کے تعاون سے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا معائنہ کیا اور مریضوں و ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کر کے حکومتی فلاحی اقدامات پر ان کی آراء حاصل کیں۔











