وفاقی وزیر مذہبی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ کونسل کا اہم اجلاس

8

اسلام آباد، 09 فروری (اے پی پی ):وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف کی زیر صدارت علماء و مشائخ کونسل کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کے اختتام پر وفاقی وزیر سردار محمد یوسف متفقہ اعلامیہ پڑھ کر سنایا۔

اعلامیہ میں اجلاس نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی، شہداء کے درجات کی بلندی، زخمیوں کی جلد صحتیابی اور متاثرہ خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا،عبادت گاہوں میں بے گناہ نمازیوں کو نشانہ بنانا اسلامی تعلیمات، انسانی اقدار اور آئینی و اخلاقی اصولوں کے سراسر منافی ہے۔

اجلاس نے فتنۂ خوارج کی گمراہ کن سوچ اور دہشت گردی کے تمام بیانیوں کو مکمل طور پرمسترد کیا،پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے والی اندرونی و بیرونی سازشوں اور پراکسی سرگرمیوں کا قومی اتحاد اور ریاستی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون سے بھرپورمقابلہ کیا جائےگا، علما و مشائخ  خطبات، دروس، مدارس اور مذہبی اجتماعات میں امن، رواداری، اخوت اور باہمی احترام کے پیغام کو فروغ دیں گے۔

نفرت انگیز و تکفیری بیانیے کی بھرپور تردید کے ذریعے نوجوان نسل کو انتہاپسندی سے محفوظ رکھنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے، حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر عبادت گاہوں کی سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاستی اداروں، مذہبی قیادت، میڈیا اور عوام کے مابین مربوط شراکت داری ناگزیر ہے۔