لودھراں،09 فروری (اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر مستحق اور بے سہارا خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ ضلع لودھراں میں پہلے فیز کی قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والی 178 خواتین میں جانوروں کی تقسیم کی تقریب سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف، ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب فاروق قمر اور سید رفیع الدین نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جبکہ اے ڈی سی جنرل لیاقت علی گیلانی، ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد یوسف،ایڈیشنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اللہ بچایا، ڈاکٹر محمد ساجد اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے بے سہارا اور محنت کش خواتین میں مویشیوں کی تقسیم ایک انقلابی اقدام ہے جو غریب خواتین کی معاشی حالت بہتر بنانے میں سنگِ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لودھراں میں دو فیزز کے دوران بیوہ اور مطلقہ خواتین میں شفاف انداز میں جانور تقسیم کیے جا رہے ہیں اور غریب خواتین کی معاشی معاونت کا سہرا وزیراعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے۔
ایڈیشنل سیکرٹری لائیو سٹاک جنوبی پنجاب فاروق قمر نے بتایا کہ ضلع لودھراں میں دو فیزز کے دوران مجموعی طور پر 378 خواتین کو مویشی فراہم کیے جائیں گے جبکہ مستحق خواتین کو جانوروں کی ونڈا کے لیے اضافی رقم کے اے ٹی ایم کارڈز بھی دیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ بھر میں تقریباً 2 ارب روپے مالیت کے جانور انتہائی شفاف طریقے سے خریدے گئے ہیں۔
سید رفیع الدین نے کہا کہ مستحق خواتین میں جانوروں کی تقسیم سے ان کی مالی مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی اور وہ باعزت روزگار کی طرف گامزن ہوں گی۔ انہوں نے غریب اور مستحق خواتین کی معاشی بہتری کے لیے دعا کا اظہار بھی کیا۔
تقریب کے دوران بے سہارا خواتین میں گائے اور جھوٹیوں کی موقع پر قرعہ اندازی کی گئی جس کے بعد جانور مستحق خواتین کے حوالے کیے گئے۔ انتظامیہ نے لائیو سٹاک اثاثہ جات کی تقسیم کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی قرار دیا۔











