پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن اور کمبوڈیا کے وزیر تجارت کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقات

13

اسلام آباد، 9 فروری )اے پی پی):پاکستان فارماسیوٹیکل مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی پی ایم اے) اور کمبوڈیا کے وزیرِ تجارت کے درمیان ایک اعلیٰ سطحی ملاقات منعقد ہوئی جس میں دوطرفہ فارماسیوٹیکل تعاون کے فروغ، تجارت میں وسعت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

 ملاقات میں وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل خان نے بھی شرکت کی اور دونوں ممالک کے درمیان ادویات کے شعبے میں روابط کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان–کمبوڈیا فارما شراکت داری کو وسعت دینے، ریگولیٹری امور کو تیز رفتار بنانے اور مارکیٹ رسائی کو آسان بنانے کے اقدامات پر گفتگو ہوئی۔ پی پی ایم اے حکام نے بتایا کہ پاکستانی ادویات پہلے ہی مقامی شراکت داروں کے ذریعے کمبوڈیا کے ہسپتالوں اور فارمیسیوں تک پہنچ رہی ہیں، جسے مزید بڑھانے کے روشن امکانات موجود ہیں۔

کمبوڈیا کے وزیرِ تجارت نے پاکستانی فارما صنعت میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے میں تعاون بڑھانے کا خیر مقدم کیا اور تجارت میں حائل رکاوٹیں کم کرنے کی ضرورت کو تسلیم کیا۔ فریقین نے فارما تجارت میں تیزی لانے، کلیئرنس کے عمل کو سادہ بنانے اور مارکیٹ تک رسائی بہتر کرنے کے عملی اقدامات پر غور کیا۔

اس موقع پر کمبوڈیا میں پاکستانی فارماسیوٹیکل آپریشنز اور ممکنہ پلانٹس کے قیام سمیت سرمایہ کاری کے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔ دونوں ممالک کی فارما ایسوسی ایشنز کے درمیان روابط مضبوط بنانے، صنعت کو درپیش مسائل مشترکہ طور پر اجاگر کرنے اور ان کے حل کیلئے پلیٹ فارم قائم کرنے کی تجویز سے بھی اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ فالو اپ اجلاسوں کے ذریعے پیش رفت کا تسلسل برقرار رکھا جائے گا اور عملی حل پیش کرنے پر توجہ دی جائے گی، تاکہ تیز تر مارکیٹ ایکسس، آسان کلیئرنس اور پاکستانی سرمایہ کاری کیلئے قابلِ عمل راستے ہموار کیے جا سکیں۔