ضلعی انتظامیہ کا جائزہ اجلاس، مون سون سے نمٹنے کے پیشگی اقدامات جاری

12

اسلام آباد ، 27 مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عرفان میمن کی زیر صدارت مون سون کے پیش نظر قبل از وقت انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ کے جاری پیشگی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ مون سون صفائی مہم کے تحت شہر بھر کے نالوں کی صفائی کا عمل جاری ہے جبکہ ندی نالوں کے اطراف قائم تجاوزات کو بھی ختم کیا جا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ شہر بھر میں مین ہولز کی انسپکشن رپورٹ پیش کی گئی اور نشیبی علاقوں کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

 ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے گزشتہ سال مون سون سے متاثرہ علاقوں کی تفصیلات بھی طلب کیں۔انہوں نے کہا کہ صفائی مہم کا مقصد مون سون کے دوران نکاسی آب کے نظام کو مؤثر بنانا اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری کرنا ہے۔ نالوں کی صفائی کا عمل آئندہ چند روز تک جاری رہے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ صفائی کے ساتھ ساتھ فلڈ فائٹنگ آلات کی دستیابی اور ان کا معائنہ بھی یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں فلڈ کنٹرول اور مؤثر وارننگ سسٹم کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز شریک ہوۓ۔