لودھراں،10 مارچ (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر لودھراں محمد اشرف کی زیر صدارت “ستھرا پنجاب” مہم کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں 21 رمضان المبارک، چاند رات اور عیدالفطر کے موقع پر صفائی و ستھرائی کے مثالی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، ڈسٹرکٹ منیجر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی فریحہ زہرا اور نجی کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں مساجد، عیدگاہوں، قبرستانوں، بازاروں، پارکوں اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی صفائی انتظامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر اہم مذہبی ایام میں بہترین صفائی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے نجی کمپنیوں کے افسران اور ورکرز کو خصوصی صفائی مہم کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کی مکمل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ دس دنوں میں اہم مقامات کی خصوصی صفائی کے لئے باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے جبکہ گھاس اور درختوں کی کٹائی، جراثیم کش سپرے اور راستوں پر چونا بھی لگایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کے بائی پاسز کو بہتر بنانے کیلئے میڈینز سے مٹی اٹھائی جائے اور میگا شجرکاری مہم کیلئے پانی کی فراہمی کا بندوبست بھی یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اربن ایریاز میں “ستھرا پنجاب” کے حوالے سے آگاہی کیمپس لگائے جائیں گے جبکہ صفائی بلوں کی وصولی کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے کئے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ لودھراں ڈیش بورڈ پر روزانہ کی سرگرمیوں کو باقاعدگی سے اپڈیٹ کیا جائے تاکہ فیلڈ میں کام کی بہتری واضح نظر آئے۔











