پاکستان نازک مرحلے سے گزر رہا ، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کےلئے  قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے،سید یوسف رضا گیلانی

11

لاہور۔27مارچ  (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اس وقت  نازک مرحلے سے گزر رہا ہے ، موجودہ معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے  قوم کا متحد ہونا ناگزیر ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو پوائنٹ سکورنگ سے گریز کرتے ہوئے قومی مفاد کو ترجیح دینی چاہیے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو ایکسپو سینٹر میں 11ویں پاکستان فٹ ویئر میٹیریل اینڈ مشینری شو 2026 کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو  کے دوران  کیا۔ تقریب میں چیئرمین پاکستان فٹ ویئر مینوفیکچررز ایسوسی ایشن راشد اسلام، کنوینر منصور احسان، چیف آرگنائزر احمد فواد فاروق، لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر فہیم الرحمٰن سہگل سمیت ملکی و غیر ملکی صنعتکاروں، تجارتی تنظیموں اور کاروباری برادری کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فٹ ویئر انڈسٹری قومی معیشت میں کلیدی حیثیت رکھتی ہے، اس نوعیت کی نمائشیں نہ صرف مقامی صنعتکاروں کو بین الاقوامی سپلائرز سے جوڑتی ہیں بلکہ جدید مشینری، میٹیریلز اور ٹیکنالوجی کے تعارف کے ساتھ ساتھ نئی سرمایہ کاری اور برآمدی مواقع کو بھی فروغ دیتی ہیں۔

انہوں نے پاکستانی کمپنیوں کے معیار، ہنرمندی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت اس شعبے کی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔اس موقع پر راشد اسلام نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چھٹا بڑا جوتے تیار کرنے والا ملک ہے اور اس شعبے میں مزید ترقی کی وسیع گنجائش موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نمائش کا 11واں ایڈیشن عالمی کمپنیوں کے پاکستان کی فٹ ویئر انڈسٹری پر اعتماد کا واضح ثبوت ہے جو مشترکہ شراکت داری، کاروباری مواقع اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایک موثر پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔

 انہوں نے  کہا کہ فٹ ویئر انڈسٹری کو باقاعدہ اہم صنعتی شعبہ تسلیم  اور خام مال پر کسٹم ڈیوٹی میں کمی کی جانی چاہیے تاکہ برآمد کنندگان عالمی منڈی میں موثر انداز میں مقابلہ کر سکیں۔کنوینر منصور احسان نے بتایا کہ یہ تین روزہ نمائش 27 سے 29 مارچ 2026 تک جاری رہے گی جس میں 100 سے زائد بین الاقوامی کمپنیوں کے علاوہ مقامی صنعتکار، میٹریل سپلائرز اور مشینری ماہرین شریک ہیں۔

تقریب کے اختتام پر معزز مہمانوں میں شیلڈز تقسیم کی گئیں۔ چیئرمین سینیٹ نے مختلف سٹالز کا دورہ کر کے مصنوعات کے معیار کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان  ذمہ دار ریاست ہے اور ماضی میں بھی مشکل حالات حتی کہ پاک بھارت جنگ کے دوران ایٹمی طاقت ہونے کے باوجود ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اپنی گاڑی کی خریداری سے متعلق جاری پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ خریداری 2024-25 میں مکمل طور پر قانونی طریقہ کار کے تحت کی گئی اور چیئرمین سینیٹ و اپوزیشن لیڈر کے لیے گاڑیوں کی فراہمی ایک باقاعدہ پالیسی کے مطابق ہوتی ہے۔ ایران امریکہ جنگ کے حوالے سے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں اہم کردار ادا کرنے جا رہا ہے، ہماری کوشش ہے کہ دنیا میں امن قائم ہو اوراس کےلئے پاکستان ہرممکن جدوجہد جاری رکھے گا۔

 انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں   عالمی  معیشت کو چیلنجز درپیش ہیں ، پاکستان بھی اس سے متاثر ہوا ہے ، ان حالات میں پوری قوم کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا۔