وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت کمشنر عامر کریم خاں کی صدارت میں پی ایچ اے کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس

16

ملتان ،27مارچ(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیوٹیفکیشن وژن کے تحت کمشنر عامر کریم خاں کی زیر صدارت پی ایچ اے کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں شہر کو خوبصورت اور شہریوں کیلئے دلکش بنانے کیلئے جاری و مجوزہ منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت کی کہ شہر میں پی ایچ اے کی موجودگی واضح نظر آنی چاہیے اور سبزہ، موسمی پھولوں اور فینسی لائٹس کے ذریعے اہم شاہراہوں اور چوکوں کو خوبصورت بنایا جائے۔ انہوں نے ملتان ایونیو پر “مینگو انکلیو” قائم کرنے کی ہدایت بھی دی تاکہ شہریوں کو منفرد تفریحی ماحول میسر آ سکے، جبکہ فلائی اوورز، پلرز اور اہم عمارات پر پینٹ ورک اور فینسی لائٹس کی تنصیب و بحالی کو بھی تیز کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں ایم ڈی پی ایچ اے سید وسیم حسن نے جاری منصوبوں پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملتان ایونیو میں لینڈ اسکیپنگ اور شجرکاری کا ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے جبکہ نگانہ چوک پر یادگار کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔ ماڈل ٹاؤن چوک کی اپ گریڈیشن، چونگی نمبر 7 پر ہارٹیکلچر ورک کی تکمیل اور چونگی نمبر 8 پر بیوٹیفکیشن کام جاری ہے، جبکہ مختلف پلرز پر خوبصورت کیلی گرافی کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کہچری چوک، ڈیرہ اڈا، چونگی نمبر 8 اور دیگر مقامات پر موسمی پھولوں کی شجرکاری جاری ہے، عیدگاہ کے قریب نیا پارک تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ ہیڈ محمد والا اور دیگر گرین بیلٹس پر شجرکاری اور تزئین و آرائش کا کام جاری ہے۔ سیداں والا چوک سے سہو چوک تک نئی گرین بیلٹ بنانے کا منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ منظورآباد چوک کی بحالی، خونی برج سے پاک گیٹ تک دیوار کی مرمت، اور شہر کے مختلف چوکوں و گرین بیلٹس کی باقاعدہ دیکھ بھال یقینی بنائی جا رہی ہے۔ پارکس اور گرین بیلٹس کو آؤٹ سورس کرنے کی تجویز زیر غور ہے جبکہ جناح پارک میں تھیم پارک اور شاہ شمس پارک میں جھیل کی بحالی، لائٹس کی تنصیب اور ریسٹورنٹ کی نیلامی سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں متعلقہ افسران نے شرکت کی۔