ملتان 26مارچ(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق کی زیر صدارت محکمہ صحت کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں مہم کی تیاریوں اور حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 13 اپریل سے ہوگا۔ مہم کے دوران ضلع بھر میں 05 سال سے کم عمر 10 لاکھ 15 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لیے مجموعی طور پر 4399 ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہوں گی جن میں موبائل، فکسڈ اور ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ 4021 موبائل و فکسڈ ٹیمیں براہ راست گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع بھر میں 230 فکسڈ سائٹس اور 148 ٹرانزٹ پوائنٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں بچوں کو پولیو سے بچاو ¿ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس کے علاوہ 833 ایریا انچارجز مہم کی نگرانی کریں گے جبکہ 135 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز کو مانیٹرنگ کے خصوصی فرائض سونپے گئے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے ہدایت کی کہ بس سٹینڈز، ریلوے سٹیشنز اور ہسپتالوں سمیت اہم مقامات پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہ جائے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔











