کتاب اور کافی کا حسین امتزاج ، قلعہ کہنہ قاسم باغ میں لائبریری کے لئے کیفے کے قیام کی منظوری

13

ملتان ، 30 مارچ (اے پی پی ): عامر کریم خاں کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں قلعہ کہنہ قاسم باغ میں تاریخی لائبریری کے برآمدے میں کیفے کے قیام کے منصوبے کی ایڈمنسٹریٹو منظوری دے دی گئی۔ منصوبہ 36 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جس کا مقصد شہریوں کو ایک جدید مگر ثقافتی ماحول سے ہم آہنگ عوامی سہولت فراہم کرنا ہے۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت شہری لائبریری کے اندر پرسکون ماحول میں مطالعہ کر سکیں گے جبکہ باہر اوپن کیفے میں چائے اور کافی سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ یہ اقدام ملتان کے شہریوں کے لیے ایک منفرد اور خوشگوار تجربہ ثابت ہوگا جہاں علم اور تفریح کا حسین امتزاج میسر آئے گا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ہدایت جاری کی کہ منصوبے کا ٹینڈر پروسیس فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ مقررہ مدت میں کام مکمل کیا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ منصوبہ جون کے آخر تک مکمل کر کے شہریوں کے لیے کھول دیا جائے گا۔

اجلاس میں مزید بتایا گیا کہ واسا کی جاری سیورج سکیم مکمل ہوتے ہی تعمیراتی کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ کیفے کو قلعہ کہنہ قاسم باغ کی تاریخی دیوار سے ملحقہ میونسپل لائبریری کے برآمدے میں قائم کیا جائے گا، جہاں تاریخی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

منصوبے میں ماحول دوست پہلو کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے، جس کے تحت پرندوں کے لیے دانہ اور پانی کی فراہمی کے لیے خصوصی چبوترا بھی تعمیر کیا جائے گا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ شہریوں کو صاف، پُرسکون اور مثبت سرگرمیوں کے لیے موزوں ماحول فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان، سی ای او کارپوریشن اقبال خان سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔