کمشنر عامر کریم خاں کا ای خدمت مرکز کا دورہ، سروس ڈیلیوری کا جائزہ

10

ملتان ،27مارچ(اے پی پی): کمشنر عامر کریم خاں نے ای خدمت مرکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے مختلف کاؤنٹرز کا معائنہ کرتے ہوئے سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کی اور انہیں فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ شہریوں نے تحصیل سے سب رجسٹرار آفس کے ای خدمت مرکز منتقلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریونیو سروسز میں آسانی، شفافیت اور وثیقہ نویسوں کی اجارہ داری کے خاتمے کو سراہا۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے مختلف محکموں کی 160 سے زائد سروسز ای خدمت مرکز میں ایک چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے عوام کو جدید سسٹم کے تحت ریلیف ملا ہے اور پراسیس تیز اور آسان بنایا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کرپشن کے خاتمے کیلئے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔

بعد ازاں کمشنر نے زیر تعمیر پرپس بلڈ رجسٹریشن سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن عمارت کی تکمیل کیلئے 43 ملین روپے درکار ہیں اور اس حوالے سے بورڈ آف ریونیو کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فنڈز کی فراہمی کے بعد رجسٹریشن سنٹر دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔

کمشنر نے مزید کہا کہ عمارت کی تکمیل کے بعد تمام سب رجسٹرار آفسز کو رجسٹریشن سنٹر منتقل کر دیا جائے گا جس سے شہریوں کو مزید سہولیات میسر آئیں گی۔

انہوں نے ای خدمت مرکز میں سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔ دورے کے اختتام پر کمشنر عامر کریم خاں نے ای خدمت مرکز میں پودا لگا کر ملکی ترقی اور سلامتی کیلئے دعا بھی کی۔