لاہور، 26 اپریل (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی سینئر ایڈوائزر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی سینیٹر انوشہ رحمان نے ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری لاہور کا دورہ کیا، جہاں صدر فلاحت عمران اور دیگر عہدیداران نے ان کا استقبال کیا۔دورے کے دوران سینئر ایڈوائزر نے خواتین سرمایہ کاروں سے ملاقات کی اور ان کی معاشی سرگرمیوں، مسائل اور تجاویز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ڈی جی ٹی ڈیپ رافعہ سید بھی موجود تھیں۔انوشہ رحمان نے کہا کہ پاکستان کی خواتین باصلاحیت ہیں اور انہوں نے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کا فروغ اور خواتین کو بااختیار بنانا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنی مصنوعات کی مؤثر مارکیٹنگ کریں، جبکہ اس مقصد کے لیے ای کامرس گیٹ وے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت قومی اور بین الاقوامی سطح کی صنعتی نمائشوں میں خواتین کے اسٹالز لگانےمیں مکمل تعاون فراہم کرے گی اور خواتین سرمایہ کاروں کو آگے بڑھنے کے لیے ہر ممکن مواقع مہیا کیے جائیں گے۔سینئر ایڈوائزر نے بتایا کہ حکومت جلد ڈیجیٹل اسکلز ٹریننگ پروگرام شروع کر رہی ہے، جس کے تحت چار سال میں 60 لاکھ بچوں کو مفت جدید تربیت فراہم کی جائے گی جبکہ ہر سال 15 لاکھ نوجوانوں کو جدید کورسز کرائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں گے اور وہ خود کفیل بن سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مزید انقلابی پروگرام بھی متعارف کروائے جا رہے ہیں جن کا اعلان جلد کیا جائے گا۔اس موقع پر خواتین سرمایہ کاروں نے معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں جبکہ ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر فلاحت عمران نے چیمبر کی سرگرمیوں اور کارکردگی پر بریفنگ دی۔











