وزیرِ تجارت جام کمال خان سے آر سی سی آئی کے وفد کی ملاقات

19

اسلام آباد (18 اپریل): راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے وفد نے  وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان سے ملاقات کی ہے، جس میں امریکہ کے حالیہ دورے پر وزیر تجارت کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

وفد کے مطابق اس دورے کے نتیجے میں پاکستان کے لیے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع سامنے آئے ہیں۔

آر سی سی آئی نے بتایا کہ نیویارک اور نیو جرسی میں پاکستانی وفد کی اہم ملاقاتیں ہوئیں، جہاں امریکی کاروباری حلقوں کی جانب سے مثبت ردعمل دیکھنے میں آیا۔ امریکی سرمایہ کاروں نے بالخصوص اسٹیل، فارماسیوٹیکل اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔

‎وزیر تجارت جام کمال خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طویل المدتی صنعتی تعاون کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مشترکہ منصوبوں پر عملی پیش رفت سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں، خصوصاً ٹیک سیکٹر سے وابستہ افراد کو پاکستان کی معیشت کے لیے ایک مضبوط پل قرار دیا۔

‎انہوں نے مزید کہا کہ چیمبرز آف کامرس بین الاقوامی روابط بڑھانے اور برآمدات میں اضافے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ حکومت کاروباری برادری کے ساتھ مل کر برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافے کو یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

‎آر سی سی آئی نے امریکی دورے کے مثبت نتائج کو عملی شکل دینے کے لیے وزارت تجارت کے ساتھ قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ دونوں جانب سے دوطرفہ تجارتی روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔