بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بینظیر نشوونما پروگرام پاکستان کے مستقبل میں ایک مؤثر اور کامیاب سرمایہ کاری ہے، سید عمران احمد شاہ

6

اسلام آباد، 07 مئی (اے پی پی ):  وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کا بینظیر نشوونما پروگرام پاکستان کے مستقبل میں ایک مؤثر اور کامیاب سرمایہ کاری ہے، کیونکہ بچوں کی غذائیت صرف صحت کا نہیں بلکہ قومی معیشت اور آنے والی نسلوں کے مستقبل کا معاملہ بھی ہے۔

بینظیر نشوونما پروگرام کی اینڈ لائن رپورٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں میں غذائی کمی اور اسٹنٹنگ پاکستان کی ترقی کی راہ میں ایک سنجیدہ رکاوٹ ہے، جبکہ ماں اور بچے کی ابتدائی صحت پر توجہ پوری زندگی اور ملکی معیشت پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آغا خان یونیورسٹی کی اینڈ لائن رپورٹ اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ مؤثر اور بروقت اقدامات کے ذریعے ماں اور بچے کی صحت میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ محدود مالی وسائل کے دور میں شواہد پر مبنی فیصلے ناگزیر ہو چکے ہیں اور سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مؤثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنانا وقت کی ضرورت ہے۔

سید عمران احمد شاہ نے کہا کہ بینظیر نشوونما پروگرام نے مؤثر سماجی تحفظ کی ایک کامیاب مثال قائم کی ہے اور شفاف عمل درآمد کے ذریعے ایسے پروگرام حقیقی نتائج فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے وزارتِ تخفیفِ غربت کی جانب سے بی آئی ایس پی اور دیگر شراکت دار اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مشکل مالی حالات کے باوجود حکومت مؤثر سماجی تحفظ کے پروگرام جاری رکھے گی اور سماجی تحفظ کو صرف امداد تک محدود رکھنے کے بجائے معاشی استحکام کا ذریعہ بنانا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اعداد و شمار کی بنیاد پر فیصلوں اور شواہد کی بنیاد پر حقیقی اثرات کے حصول کی طرف بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ درست پالیسی اور مضبوط ارادوں کے ذریعے بڑے نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں اور پاکستان اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ تخفیفِ غربت آج کے بچوں اور پاکستان کے مستقبل کے ایجنڈے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔

تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد پیش کی اور پاک افواج خصوصاً پاک فضائیہ کے شاہینوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور دفاعِ وطن میں تاریخی کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔