اسلام آباد، 7 مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے فلپ مورس کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں غیر دستاویزی سگریٹ تجارت، حکومتی محصولات اور تمباکو سیکٹر کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفد نے تمباکو شعبے میں ٹیکس نیٹ سے باہر فروخت، محصولات پر اس کے اثرات اور قانونی صنعت کو درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر سپلائی چین میں موجود بعض خامیوں، غیر دستاویزی پیداوار اور نظام میں بہتری کی ضرورت پر بھی گفتگو ہوئی۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ مؤثر عملدرآمد اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے شعبے میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیر رسمی معیشت کو محدود اور قانونی کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے وفاقی اور صوبائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور مشترکہ حکمتِ عملی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مربوط اقدامات کے ذریعے تمباکو سیکٹر کی استعداد اور حکومتی محصولات میں بہتری ممکن ہے۔
اجلاس میں پاکستان ٹوبیکو بورڈ کے کردار کو مزید فعال بنانے اور کسانوں کو بہتر سہولیات اور منافع کی فراہمی کے حوالے سے مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔











