ملتان,16 مئی(اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ شہر اولیاء کی 57 یونین کونسلز میں 18 مئی سے 3 روزہ خصوصی پولیو مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کے دوران 5 سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 89 ہزار 727 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔انہوں نے شہباز شریف ہسپتال میں خصوصی پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے۔ اس موقع پر ایم ایس شہباز شریف ہسپتال ڈاکٹر تنزیل الرحمن، ضلعی حکام اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے بتایا کہ مہم کو کامیاب بنانے کیلئے 1670 موبائل پولیو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو ویکسین پلائیں گی۔ اس کے علاوہ 110 فکسڈ پولیو پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں اہم مقامات پر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے فراہم کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ 96 ٹرانزٹ ٹیمیں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات ہوں گی جبکہ بس اسٹینڈز، ریلوے اسٹیشن، ہسپتالوں، درگاہوں اور دیگر پبلک مقامات پر بھی خصوصی ٹیمیں فرائض سرانجام دیں گی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق خصوصی پولیو مہم میں 1875 اہلکار حصہ لیں گے جبکہ 348 ایریا انچارجز پولیو ٹیموں کی کارکردگی کی مسلسل نگرانی کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 57 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز مہم کی سپرویژن اور رپورٹنگ کے ذمہ دار ہوں گے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو فری ملک بنایا جا سکے۔











