لودھراں میں “معرکۂ حق” موٹر سائیکل ریلی، پاک فوج کو شاندار خراجِ تحسین 

13

لودھراں ،10مئی (اے پی پی ): لودھراں میں ضلعی انتظامیہ اور پنجاب سوشو اکنامک رجسٹری  ٹیم کے زیرِ اہتمام پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے “معرکۂ حق” کے عنوان سے موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے کی جبکہ پی ایس ای آر ٹیم، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں اور موٹر سائیکل سواروں کی بڑی تعداد نے بھرپور شرکت کی۔

ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہوئی اور میلاد چوک سے ہوتی ہوئی دوبارہ ڈی سی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اس موقع پر پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے جبکہ قومی پرچم اٹھا کر اپنی حب الوطنی کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ہماری قومی سلامتی کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنے بہادر سپہ سالاروں اور جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “معرکۂ حق” قومی اتحاد، یکجہتی اور وطنِ عزیز سے محبت کی علامت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوم کی بھرپور حمایت سے دشمن اب پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ لودھراں کے عوام کی ریلی میں بھرپور شرکت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملکی دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔

ڈسٹرکٹ منیجر PSER خواجہ سعد نے کہا کہ ریلی کے انعقاد کا مقصد پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو فروغ دینا ہے تاکہ نئی نسل میں قومی یکجہتی اور دفاعِ وطن کا شعور اجاگر کیا جا سکے۔

قبل ازیں پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کیلئے ڈی سی آفس میں خصوصی کیک بھی کاٹا گیا، جس میں ضلعی افسران، پی ایس ای آر ٹیم اور شہریوں نے شرکت کی۔