ملتان؛  ڈویژنل ریونیو جائزہ اجلاس، ریونیو کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

13

ملتان،22مئی(اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت ڈویژنل ریونیو جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں اضلاع کی ریونیو کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ریونیو اہداف، میوٹیشن فیس، سٹیمپ ڈیوٹی، زرعی انکم ٹیکس وصولیوں اور زیر التواء مقدمات پر بریفنگ دی گئی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے ریونیو اہداف کے حصول کیلئے فیلڈ افسران کو ریکوری مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تمام افسران مقررہ ٹائم لائن کے اندر اہداف مکمل کریں۔ انہوں نے زیر التواء ریونیو مقدمات جلد نمٹانے اور سرکاری اراضی، لیز و آکشن معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس میں پارٹیشن پلس پراجیکٹ، میوٹیشن، ڈیجیٹلائزیشن اقدامات، کنوینس ڈیڈز، مسنگ میوٹیشنز اور لینڈ ایکوزیشن کیسز پر پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر نے ریونیو نظام میں شفافیت اور عوامی سہولت یقینی بنانے کیلئے جدید اصلاحات پر زور دیتے ہوئے بہتر کارکردگی دکھانے والے اضلاع کی کاوشوں کو سراہا۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔