لاہور، 09 مئی (اے پی پی): نولکھا چرچ لاہور میں “معرکۂ حق” یومِ تشکر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد، مذہبی رہنماؤں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ کانفرنس میں قومی یکجہتی، امن اور پاک فوج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریورنڈ ڈاکٹر مجید ایبل نے کہا کہ ہندوستان ہمیشہ پاکستان کو نیچا دکھانے کی کوشش کرتا رہا ہے اور اب وہ خطے میں امن کے لیے خطرہ بن چکا ہے، جبکہ پاکستان دنیا میں امن کا سفیر بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے اپنے پیش کردہ اعلامیے میں قومی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا جس کی شرکاء نے بھرپور حمایت کی۔ مولانا عاصم مخدوم نے کہا کہ دنیا میں ہونے والے کئی بڑے واقعات کے پیچھے ہندوستان کا کردار نظر آتا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر مجید ایبل کے اعلامیے کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن، رواداری اور بھائی چارے کا داعی ملک ہے۔ چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبد الخبیر آزاد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر میں “معرکۂ حق بنیان مرصوص” کی کامیابی کا جشن منایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا کر جارحیت کی کوشش کی لیکن فیلڈ مارشل کی قیادت میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ پوری قوم کو “معرکۂ حق” کی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال دشمن نے پاکستان کے خلاف سازش کی اور نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا، مگر پاکستانی قوم اور افواج متحد ہو کر کھڑی رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں اقلیتیں بھی محفوظ نہیں جبکہ پاکستان محبت، امن اور مذہبی آزادی کی دھرتی ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ سکھ برادری ہر سال 6 جون کو گولڈن ٹیمپل پر حملے کا یومِ سیاہ مناتی ہے اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو عزت اور تحفظ حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم جذبہ حب الوطنی سے سرشار ہے اور یہی جذبہ دشمن پر ہماری برتری کی اصل طاقت ہے۔











