لاہور، 06 مئی ( اے پی پی ) : وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ داخلہ میں علماء کرام سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے مسلم لیگ ن علماء و مشائخ ونگ کے وفد نے ملاقات کی۔صدر علماء و مشائخ ونگ ڈاکٹر مفتی انتخاب احمد نوری کی قیادت میں جنرل سیکرٹری حافظ محمد امجد، صاحبزادہ محمد آصف سیال، احسان الحق صدیقی، طیب شاہ قادری، آصف معصومی، حافظ ایوب اعوان، سید عرفان گیلانی، مولانا اسلم ندیم، حافظ رضوان عابد، میر عمران رؤف نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، ڈی جی اوقاف حافظ انیس الرحمن، ڈی سی او سینٹر آف ایکسیلینس ڈاکٹر احمد خاور، ایڈیشنل سیکرٹری عبدالرؤف و دیگر ملاقات میں شریک ہوئے۔ملاقات میں امن و امان کی صورتحال اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ بارے تبادلہ خیال کیا گیا ۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے عوامی آگاہی تحریک چلا رہے ہیں،آئمہ مساجد اور علماء کرام خطباتِ جمعہ میں عوام کو منشیات کی روک تھام کے حوالے سے پیغام دیں، سیکرٹری داخلہ نے کہا کہ عیدالاضحی پر کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی،صرف پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے میں ہر بچے کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کیلئے لٹریسی پروگرام چلا رہی ہے،جیلوں میں موجود ناخواندہ افراد کو وزیراعلیٰ پنجاب لٹریسی پروگرام کے تحت تعلیم دے رہے ہیں،پُرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے معاشرے کے دیگر طبقات کی طرح علماء کرام کا کلیدی کردار ہے،حکومت پنجاب نے آئمہ مساجد صاحبان کیلئے 21 ارب کی لاگت سے تاریخی منصوبہ شروع کیا، اب تک پنجاب بھر میں آئمہ مساجد صاحبان میں 6 ارب روپے بطور اعزازیہ تقسیم کیے جا چکے ہیں،ملاقات کے اختتام پر وطن عزیز اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کی گئی۔











