وفاقی وزیر احد چیمہ کی زیرصدارت اجلاس، آئندہ بجٹ میں برآمدات کے فروغ کے لئے مجوزہ سکیم کا جائزہ لیا

9

اسلام آباد،9مئی  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت  اعلیٰ سطحی  اجلاس منعقد ہوا جس  میں آئندہ وفاقی بجٹ کے لیے برآمدات کے فروغ کی سکیموں اور پالیسی آپشنز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا بنیادی مقصد موثر اور ٹارگٹڈ مراعات کے ذریعے پاکستان کی برآمدات کو مضبوط بنانا اور ترجیحی شعبوں کی معاونت کرنا تھا۔

 شرکا نے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کو آئندہ بجٹ کے لیے زیرِ غور برآمدی پالیسی کی تجاویز پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ترجیحی برآمدی شعبوں اور برآمدات میں اضافے، مسابقت میں بہتری، برآمدات میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کی شرکت بڑھانےاور عالمی منڈیوں میں پاکستان کی موجودگی کو وسعت دینے کے لیے موزوں پالیسی اقدامات کی تشکیل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔   اجلاس کے دوران مالیاتی تعاون، تجارتی سہولیات اور مخصوص شعبوں کے لیے مراعات سے متعلق مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

شرکانے مشاہدہ کیا کہ برآمدات بڑھانے کے لیے صرف ٹیکسوں میں کمی نہیں بلکہ پیداواری عوامل میں بہتری، انفراسٹرکچر، سہولت کاری کے اقدامات اور کاروبار میں آسانی بھی کلیدی کردار ادا کریں گے۔   وفاقی وزیرنے ایک پائیدار اور کارکردگی پر مبنی برآمدی ترغیباتی فریم ورک اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، جو زیادہ برآمدی حجم، ویلیو ایڈیشن ، برآمدی مصنوعات میں تنوع اور عالمی سپلائی چینز میں ایس ایم ایز کے مضبوط انضمام کو فروغ دے سکے۔   اجلاس میں برآمدی مراعات کے حوالے سے مختلف آپشنز کا بھی جائزہ لیا گیا، جن میں کارکردگی پر مبنی ریبیٹس، برآمدات میں بتدریج اضافے سے منسلک مراعات اور برآمدی اہداف کے حصول پر انعامی طریقہ کار کا تعارف شامل ہے۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ شفافیت، کارکردگی اور طویل مدتی اقتصادی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے ترغیباتی سکیموں کو پیمائش کے قابل نتائج سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی بجٹ کو حتمی شکل دینے سے قبل متعلقہ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مجوزہ اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔   حکومت عملی، شفاف اور دور اندیش پالیسی اقدامات کے ذریعے برآمد کنندگان کی مدد اور برآمدی بنیاد پر مبنی اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔