پاکستانی قوم اپنے نظریے، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کےلیے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،   امیر مقام

7

مردان، 9 مئی ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ(ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ معرکۂ حق نے ثابت کیا کہ پاکستانی قوم اپنے نظریے، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کےلیے ہر قربانی دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز مردان میں سابق رکن صوبائی اسمبلی جمشید خان مہمند کی رہائش گاہ پر جشنِ معرکۂ حق کے سلسلے میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم یہاں “جشنِ معرکۂ حق” کے موقع پر اپنے عظیم شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں۔ یہ محض ایک تقریب نہیں بلکہ قومی غیرت، اتحاد، قربانی اور عزمِ نو کی علامت ہے۔ آج پوری قوم اپنے ان جانباز سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے وطنِ عزیز پاکستان کے دفاع، سلامتی اور وقار کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ  ہمارے شہداء نے اپنے لہو سے اس دھرتی کی حفاظت کی جبکہ ہمارے غازیوں نے بہادری، شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کی نئی تاریخ رقم کی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ معرکہ حق صرف جنگی کامیابی نہیں بلکہ سچائی کی فتح بھی ہے۔آج اگر پاکستان ایک مضبوط، باوقار اور ناقابلِ تسخیر ریاست کے طور پر دنیا میں پہچانا جاتا ہے تو اس کے پیچھے ہمارے شہداء کی عظیم قربانیاں اور افواجِ پاکستان کی بے مثال خدمات شامل ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جنگی صورتحال میں پوری قوم نے جس اتحاد، حوصلے اور عزم کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا، اس نازک مرحلے پر وزیرِاعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی مدبرانہ قیادت نے قومی وحدت کو مضبوط کیا، دنیا کے سامنے پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور ہر محاذ پر قوم کی رہنمائی کی۔ اسی طرح فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جراتمندانہ، بصیرت افروز اور غیرمعمولی عسکری قیادت نے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔ ان کی قیادت میں افواجِ پاکستان نے جس پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور حکمتِ عملی کا مظاہرہ کیا، اس نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے جو جذبہ ایل او سی پر دیکھا تھا وہ واقعی قابل دید تھا۔ پوری قوم افواج پاکستان کے پیچھے اور ساتھ کھڑی ہے۔

 انجینئر امیر مقام نے کہا کہ  آج پوری قوم اپنے سیاسی اور عسکری قائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے جنہوں نے اتحاد، حکمت اور عزم کے ساتھ پاکستان کے وقار کا دفاع کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آج دنیا میں سبز ہلالی پرچم کی عزت اور سبز پاسپورٹ کا وقار پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوا ہے۔ عالمی برادری پاکستان کو ایک مضبوط، خوددار اور ذمہ دار ریاست کے طور پر تسلیم کر رہی ہے۔ یہ عزت ہمیں ہمارے شہداء، غازیوں اور قومی قیادت کی قربانیوں اور بصیرت کی بدولت حاصل ہوئی ہے۔ آج کا “جشنِ معرکۂ حق” دراصل اپنے غازیوں اور شہداء کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومیں صرف وسائل سے نہیں بلکہ قربانی، اتحاد اور قومی حمیت سے مضبوط بنتی ہیں۔ ہمارے غازی ہمارے فخر ہیں، ہمارے شہداء ہماری عزت ہیں، اور ان کے اہلِ خانہ پوری قوم کا سر فخر سے بلند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں شہداء کے عظیم اہلِ خانہ کو یقین دلاتا ہوں کہ ریاست اور حکومت آپ کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ آپ کے پیاروں کا لہو اس وطن کی بنیادوں میں شامل ہے، اور پوری قوم آپ کو سلام پیش کرتی ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم پاکستان کی ترقی، استحکام، امن اور خوشحالی کےلیے متحد ہو کر کام کریں گے۔ دشمن چاہے جتنا بھی پروپیگنڈا کرے، پاکستانی قوم اپنی افواج اور قیادت کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑی رہے گی۔

  پرجوش کارکنوں نے قومی پرچم بھی اٹھا رکھے تھے اور پاکستان زندہ باد، پاکستان مسلح افواج زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کیے گئے۔ دیگر مقررین نے بھی غازیوں اور شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا اور معرکہ حق کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے کیک بھی کاٹا۔ قبل ازیں پرجوش کارکنوں نے وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کا پرتپاک استقبال کیا۔ وفاقی وزیر نے پنڈال تک ایک بہت بڑی ریلی کی قیادت کی۔

واضح رہے کہ وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کی ہدایت پر خیبر پختونخوا بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور ذیلی تنظیموں کے زیر اہتمام جشن معرکہ حق کو بھرپور سے منایا جا رہا ہے۔