پاکستان اور آذربائیجان کا شہری ترقی، نئے شہر بسانے، زراعت، بینکنگ ، سیاحت کے شعبوں میں وسیع اشتراک پر اتفاق

19

 لاہور، 20 مئی ( اے پی پی ):   پاکستان اور آذربائیجان نے شہری ترقی، نئے شہر بسانے، زراعت، بینکنگ ، سیاحت سمیت  دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی بنیادوں پر معاشی پُل بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ اتفاق رائے پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور آذربائیجان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ سرمایہ کار گروپ  ’پاشا ہولڈنگ‘ کے  سی ای او ایلچن گاڈیموف  سے ملاقات میں کیاگیا۔ ایلچن گاڈیموف نے وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کے صوبہ پنجاب کی ترقی کے وژن کو سراہتے ہوئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعلی ٰمریم نوازشریف کے صوبہ پنجاب کی ترقی کے وژن کو بیان کیا ۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور پاشا گروپ کے درمیان اقتصادی تعاون، شہری ترقی، سیاحت،زراعت کی ترقی اور جدید مشینری کے استعمال، مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلی ٰمریم نوازشریف کے اقدامات کی وجہ سے صوبہ پنجاب سرمایہ کاری پر مبنی معاشی ترقی، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور کاروباری آسانیوں کے فروغ کے نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے شفاف اور منافع بخش مواقع پیدا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے پاشا ہولڈنگ کو شہری ترقی اور رئیل اسٹیٹ کے بڑے منصوبوں میں شراکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا)، سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پنجاب (سی بی ڈی) اور’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ جیسے منصوبے عالمی معیار کے منصوبے ادارہ جاتی سرمایہ کاروں کے لیے موزوں مواقع فراہم کرتے ہیں۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پاشا ہولڈنگ کی بڑے پیمانے پر رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری، مکسڈ یوز ڈویلپمنٹس اور شہری اثاثوں کے انتظام میں مہارت پنجاب کے جدید شہری منصوبوں کے وژن سے مکمل مطابقت رکھتی ہے۔ملاقات میں سیاحت اور ہاسپیٹیلٹی کے شعبے میں تعاون پربھی گفتگو ہوئی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کی جانب سے ثقافتی ورثے، مذہبی سیاحت اور اربن ٹورازم کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی ترقی پر تاریخی کام ہورہا ہے۔ اس موقع پر پریمیم ہوٹل منصوبوں، ٹورازم انفراسٹرکچر فنانسنگ اور عالمی معیار کی ہاسپیٹیلٹی سہولیات کے فروغ میں پاشا ہولڈنگ کے ممکنہ کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے زرعی ویلیو چین کو جدیدبنانے، فوڈ پروسیسنگ، کولڈ چین انفراسٹرکچر، لاجسٹکس اور زرعی سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کے امکانات کا جائزہ لیا۔اس موقع پر مالیاتی خدمات اور سرمایہ کاری کے شعبے میں ریئل اسٹیٹ انویسٹمنٹ ٹرسٹس (REITs)، ڈویلپمنٹ فنڈز اور جدید سرمایہ کاری نظام کے قیام پر بھی بات چیت ہوئی تاکہ پنجاب کے بڑے ترقیاتی منصوبوں کے لیے ادارہ جاتی سرمایہ کاری کو فروغ دیا جا سکے۔

سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے یقین دہانی کرائی کہ سرمایہ کاروں کے لیے سنگل ونڈو سہولت، ریگولیٹری شفافیت اور فاسٹ ٹریک منظوریوں کو یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ یہ باہمی تعاون کسی ایک منصوبے تک محدود نہیں بلکہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کے قیام کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔  ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ پنجاب کی مستقبل کی شہری و معاشی تبدیلی کے سفر میں پاشا ہولڈنگ ممکنہ ’’اینکر انویسٹر‘‘ ثابت ہو گی۔