لاہور، 10 مئی (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے چین کے چیلنج اپیرل گروپ کے زیر اہتمام سپیشل اکنامک زون کا دورہ کیا، جہاں چین کے آئی بی آئی گروپ اور چیلنج گروپ کے درمیان پنجاب میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔معاہدے پر صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین اور آئی بی آئی گروپ کی ڈائریکٹر میڈم لیو نے دستخط کیے۔ تقریب میں چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود، چیئرمین چیلنج گروپ مسٹر ہوآنگ، چیف لیسکو رمضان بٹ، چینی سرمایہ کاروں، ڈی جی پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ڈاکٹر سہیل احمد اور ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی نے شرکت کی۔چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چیلنج گروپ ٹیکسٹائل انڈسٹری براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے اور اس کی مزید سرمایہ کاری سے آئندہ تین برسوں میں 20 ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں قائم گارمنٹ سٹی میں مزید چینی سرمایہ کاری کی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کر رہی ہے اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے وژن کے تحت سپیشل اکنامک زونز میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی بار چپ فریم اور وی وو موبائل فون کی مینوفیکچرنگ شروع ہونے جا رہی ہے جبکہ ای وی سیکٹر میں بھی چینی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ایران امریکہ کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، تاہم امن کی صورتحال بہتر ہوتے ہی قیمتوں میں کمی آنا شروع ہو جائے گی۔











